السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
جمعہ کے مقبول لمحات کی سعادت نصیب ہونا مبارک ہو
جمعہ مبارک بہت فضیلت والا دن ہے.اس دن سورہ الکہف کی تلاوت اور درود پاک کثرت سے پڑھنا واجب ہے. سورہ الکہف میں ایسی تعلیمات ہیں جس پہ عمل کرکے دجالی فتنوں کے اندھے راستوں سے نجات کے لئے نور حاصل ہوتا ہے.
سورہ الکہف میں مزکور باغ والے واقعہ (32 تا 42)سے یہ سبق ملتے ہیں.
مال و دولت، جاہ و اقتدار پہ فخر کرنا، اور اس کو اپنے زور بازو کا کمال سمجھنا،تکبر کرنا، دوسرے کو حقیر جاننا، قیامت سے انکار ،آخرت کی جواب دہی سے غفلت برتنا، اللہ سبحانه و تعالى کی ناراضی کا سبب بنتا ہے.اور نعمتوں کی بربادی کا سبب بنتا ہے.
اپنی یا دوسروں کی نعمتوں کو دیکھ کر” ماشاءاللہ لا حول ولا قوة إلا بالله ” کہنے کی تلقین کی گئی ہے. ..
اپنے دوست احباب متعلقین میں سے کسی کو غلطی کرتے دیکھیں تو اسے درست بات کی نشان دہی کرکے خیرخواہ ہونے کا ثبوت دیں. اگر کوئی اپنے آپ کو دوسروں سے برتر سمجھے تو تزکیر کی جائے کہ یہ الله القادر کی تقسیم ہے، وہ ان حالات کو بدل بهی سکتا ہے..
الله رب العزت کی طرف سے کوئی تنبیہ آئے تو انسان کو اس سے عبرت حاصل کرنی چاہئے غلطی کو سدھارنا چاہئے.اس واقعہ سے یہ علم بهی ہوتا ہے کہ تکبر، فخر و غرور، انکار آخرت بهی الله سے کفر اور شرک ہے. اور امت مسلمہ کے لیے مال و دولت، جاہ و اقتدار کی ہوس دجالی فتنہ ہے. 42 نمبر آیت اس واقعہ کا نچوڑ ہے کہ”کارسازی کا اختیار صرف اللہ رب العزت ہی کے لئے ہے، انعام وہی بہتر ہے جو وہ بخشے اور انجام وہی بخیر ہے جو وہ دکھائے….
اے دو جہاں کے مالک؛ ہم آپ سے التجا کرتے ہیں کہ ہمیں فخر و غرور،مال و دولت ،جاہ و اقتدار کی ہوس کے دجالی فتنے سے محفوظ رکھیو . ہمارے سارے معاملات درست فرمادیجئو، ہمیں اپنی رحمت کے سائے میں رکھیو آمین
طالب دعا؛ بشری تسنیم