السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
زندگی ہار، جیت کی بازی ہے. ہر حال میں بازی جیت لینے کا عزم مبارک ہو
الله رب العزت نے إنسان کی ساخت ہی ایسی بنائی ہے کہ وہ اپنی شخصیت کو دوسروں سے ممتاز دیکھنا چاہتا ہے. کسی ایسے کی نظر میں پسندیدہ ترین بننا چاہتا ہے جس کو وہ اپنے سے برتر تسلیم کرتا ہے..انسان کا اپنا انتخاب ہے کہ وہ کس معاملے میں نمایاں ہونا چاہتا ہے اور کس طریقے سے امتیازی شان کا حقدار بننے کی کوشش کرتا ہے. اور کس ہستی کی نظروں میں جچنا اور کس کے ہاتھوں ایوارڈ لینا چاہتا ہے.. یہی بات انسان کی شخصیت کے متعلق سنجیدگی ،وقار کا فیصلہ کر دیتی ہے.
اگر کسی انسان کو نیچا دکھانے کی کوشش فانی چیزوں کے متعلق ہے تو توانائیاں فنا کرنا ہے.اگر کسی انسان کے اچهے مقدر سے حسد ہے تو یہ رب کی تقسیم پہ اعتراض ہے. اگر دوسرے کے خلاف محاذ کھڑا کرکے،ٹانگ کهینچ کر آگے بڑھنے کی کوشش کریں تو یہ اپنے ضمیر پہ بوجھ ہے..اور إنسان یہی بوجه برداشت نہیں کر سکتا. پهر آخر جیت جانے کا کون سا طریقہ ہے کہ جیت ابدی بهی ہو اور ضمیر بهی مطمئن رہے. اور کون سی برتر ہستی ہو جس کے سامنے سرخرو ہوا جائے..
دنیا میں ہر مذہب اپنے پیروکاروں کو کوئ نہ کوئی نظریہ ضرور دیتا ہے. مؤمن کی نظر سب نظریات سے اعلیٰ ہے کہ وہ سب انسانوں کے رب کی نظر سے دنیا کو دیکھتا ہے. اور اسی کی نظر میں پسندیدہ ترین بننا چاہتا ہے.اسی رب نے ہار جیت کا آخری فیصلہ سنانے کے لئے یوم الدین مقرر کر رکھا ہے جس کو "یوم التغابن "(ہار جیت کا دن)کہتے ہیں. اس دن شیطان سے جیت جانے والے ہی الله کے پسندیدہ ہوں گے.. حقیر سی دنیا کے لئے بے کار باتوں میں مقابلے شرفِ انسانی نہیں ہے تو مؤمن کی نظر کیسے فروتر ہوسکتی ہے..اسے تو رب کی رضا حاصل کرنے کے لئے اپنے حریف کو پیچھے چھوڑ جانے کا عزم ہی زیب دیتا ہے. اور یہ مسابقت یا مقابلہ دوسروں کو گراکر نہیں بلکہ ساتھ لے کر چلنے سے ہی جیتنا ممکن ہے.دراصل مقابلہ ہے اس حریف سے جو انسان کا ازلی حقیقی حریف ہے. مقابلہ یہ ہے کہ کس نے” الرحمان” کا ہی زیادہ اچها بندہ بن کر دکھایا. شیطان کا بندہ بننا ہر گز قبول نہیں کیا.. آج ہمارا عزم ہے کہ اپنے رب کو راضی کرکے یہ بازی جیت کے دکهانا ہے. ہارنا بالکل نہیں.. ان شاءالله
اے رب العلمین، یوم الدین کے تنہا مالک؛ امت مسلمہ کو نیکیوں میں سبقت لے جانے کی دوڑ کا جذبہ پیدا فرما دے.ہاتهوں میں ہاتھ ڈال کر دنیا بهی چلائیں اور جنت کے دروازوں میں بهی اسی طرح داخل ہوں .اور فرشتے استقبال کر رہے ہوں "سلام علیکم بما صبرتم فنعم عقبی الدار ”
اے الله؛ ہمیں جیت کا وہ جزبہ عطا فرمادیجئے کہ ہم شیطان کو شکست دے کر آپ سےرضامندی کا ایوارڈ حاصل کر سکیں..آمین
طالب دعا؛بشری تسنیم