السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
اپنی دعاؤں پہ پیارے رب کا "کن” کہنا مبارک ہو
دعا عین عبادت ہے ..اور الله رب العالمين کو یہی عبادت سب سے زیادہ پسند ہے.جو یہ عبادت نہیں کرتا الله سبحانه وتعالى اس سے خفا ہوتے ہیں..بندوں میں اور رب میں یہی تو امتیازی فرق ہے .الله اكبر، وہ رب ہاتھ پھیلانے والے کا منتظر رہتا ہے جو اس کے در پہ چمٹ کر بیٹھ جائے اس کی یہ ادا تو بہت ہی بهاتی ہے کبھی تو اس قدر پسند آتی ہے کہ اس کی آواز، اس کا ہاتھ پھیلانا مستقل جاری رکھا جاتا ہے.. یہ اس مہربان رب کی ہی عنایت ہوتی ہے کہ دعا کا خیال،جملے اور الفاظ سجها دیتا ہے دل میں ڈال دیتا ہے. اور مانگنے کی توفیق کے ساتھ قبولیت بهی لازم کر دی جاتی ہے..”کن” کا حکم دیا جا چکا ہے.بندے کی دعا قبول ہوجانے کی خبر سارے زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے آسمانوں کے” ورکرز "کو پہنچا دی جاتی ہے.اس قبولیت میں کتنا عرصہ درکار ہے اس کی حکمت وہی پیارا رب جانتاہے. ہوسکتا ہے یہ دعا ہماری زندگی میں قبول ہو،ممکن ہے ہماری نسل کے حق میں بہتر ہو، یا یہ آخرت میں بہترین شکل میں سامنے لائ جائے اور ہم نہال ہو جائیں..یہ یقین رکھیں کہ دعائیں رائگاں نہیں جاتیں . رب العزت کی بارگاہ میں” کن "کا حکم ہو چکا، اس کی قبولیت کے مرحلے طے ہونا شروع ہوگئے ہیں .الله تعالى نے اپنے لشکروں(وہ کارندےجن کو ہم نہیں جانتے )کو ہمارے کام کرنے کے لیے ڈیوٹیاں لگا دی ہیں. وسائل اور معاملات کی ترتیب کی لسٹ تهمائی جا چکی ہے..آپ کا کام الله تعالیٰ پہ توکل کرنا اور اس کی بارگاہ میں رضامندی کے لئے کوشش کرتے رہنا ہے.جس مالک دو جہاں نے دعا کی توفیق دی ہی اس لئے کہ وہ اسے کسی نہ کسی صورت میں قبول کرنے کا ارادہ رکھتا ہے..وہ جس سے خفا ہوتا ہے اسے مانگنے کا سلیقہ ہی نہیں دیتا…اس رب سے خوب مانگئے ہر وقت مانگئے اپنے ظرف کے مطابق فقیر بن کر عاجز ہو کر اور قبولیت کے یقین کے ساتھ در پہ چمٹ کر بیٹهئے وہ آقا ہمارا خیر خواہ ہے اپنے ظرف کے مطابق دے گا.. اپنے رب سے حسن ظن رکھئے . اس کے خزانوں میں کبھی کسی حال میں کمی واقع نہیں ہوتی
ربنا آتنا فی الدنیا حسنة و فی الآخرة حسنه وقنا عذاب النار.
اے الله رب العالمين؛ ہمیں دنیا میں اپنی اطاعت اور آخرت میں جنت اور اپنے دیدار کی نعمت سے سرفراز کیجئے اور دنیا میں برے أخلاق حسد غصے کی آگ سے بچایئے اور آخرت میں دوزخ کی آگ سے محفوظ رکھئے . آمین
اے الله ہم ہر وہ خیر طلب کرتے ہیں جو آپ کے نبیوں نے طلب کی اور ہر شر سے تیری امان طلب کرتے ہیں جس سے انبیاء نے امان طلب کی آمین.
طالب دعا،بشری تسنیم