السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
آج اپنے پیاروں سے ملاقات مبارک ہو
کسی بهی فرد کے لئے تنہائی سے بڑھ کر دنیا میں کوئی سزا نہیں. قید تنہائی کاٹنے والے لوگوں کے لئے سب سے بڑی خوشی کا دن ملاقات کا دن ہوتا ہے. ہم روزانہ اپنے احباب سے ملاقات کرتے ہیں اور ہمیں اس نعمت کے عظیم ہونے کا احساس نہیں ہوتا. دنیا میں رشتوں سے محض رسمی نہ ہو بلکہ دلی تعلق ہو تو ملاقات کا لطف دوبالا ہو جاتا ہے. ماں اور بچے کی محبت ضرب المثل ہے. اور الله کی اپنے بندوں سے محبت کا اندازہ بندے کر لیں تو روزانہ دن میں پانچ بار اس سے ملاقات کے اشتیاق میں ہر شوق سے منہ موڑ لیں. یہ پانچ بار کا بلاوا دراصل اس بڑے دن کی ملاقات کے لئے تیاری ہے. جس کو اپنے پیارے رب سے ملاقات کی تیاری کرنی ہے نماز اس کے آنکھوں کی ٹھنڈک ہوگی. بهلا کون ہے جو اپنے محبوب کے بلاوے کو نظرانداز کرے. پیار کرنے والے رشتوں سے ملاقات کا وقت حاصلِ زندگی ہوتا ہے تو سب سے زیادہ پیار کرنے والی ذات الله رب العزت کی ہے . اس سے ملاقات ہی مومن کی معراج ہے.اور روزانہ اس معراج کی مشق کرائ جاتی ہے .قبلہ رخ ملاقات اس ملاقات کی ریہرسل ہے جب کچھ چہرے تروتازہ ہوں گے اور اپنے رب کو انبساط کے ساتھ رو برو دیکھ رہے ہوں گے. .سبحان اللہ
الله رب العالمين سے دلی دعا ہے کہ وہ ہمیں ترو تازہ چہرے ،خوشی اور انبساط کے ساتھ دن میں پانچ بار اس کے بلاوے پہ لبیک کہنے اور ملاقات کا حق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ ہم اس بڑے دن کی ملاقات میں سرخرو ہوسکیں. اور الله سبحانه وتعالى ہمیں اپنے اقربا کے ساتھ ملاقات کی نعمت کا حق ادا کرنے کی آسانی عطا فرمائے آمین
طالب دعا: بشری تسنیم